نئی دہلی24/جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سرکاری طیارہ خدمات کمپنی ایئر انڈیا نے سڈنی ہوائی اڈے پر ایک ڈیوٹی فری دکان سے پرس چرانے کے الزام میں ایک سینئرپائلٹ اور علاقائی ڈائریکٹر کیپٹن روہت بھسین کو معطل کرکے جانچ شروع کردی ہے۔اطلاعات کے مطابق مسٹر بھسین سنیچر کے روز آسٹریلیا کے سڈنی سے دلی آنے والی پرواز اے آئی 301 میں پائلٹ تھے۔ ان پر الزام ہے کہ سڈنی ہوائی اڈے پر پرواز کے لئے جانے سے قبل انہوں نے وہاں کی ایک ڈیوٹی فری دکان سے پرس چرالیا۔اس کے بارے میں ایئرانڈیا کے آسٹریلیا خطے کے منتظم نے ایئر لائن ہیڈکوارٹر کو جانکاری دی جس کے بعد پائلٹ کو فوری طور پر معطل کردیاگیاہے۔ اس کے ساتھ ہی ان سے لائسنس اور کمپنی کا ان شناختی کارڈ واپس کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ ایئر انڈیا کے کسی بھی دفتر میں اجازت کے بغیر ان کے داخلے پر پابند لگادی گئی ہے۔ایئر انڈیا کے ترجمان دھننجے کمار نے ایک بیان میں کہاکہ ”ایئر انڈیا اپنے ملازمین کے مناسب رویے پر سب سے زیادہ زور دیتا ہے اور نامناسب سلوک کے تئیں ان کا رویہ ’زیروٹالیرینس‘ کا ہے۔ ایک ابتدائی رپورٹ کے مطابق علاقائی ڈائرکٹر کیپٹن روہت بھسین نے سڈنی کی ایک ڈیوٹی فری دکان سے ایک پرس چرایا ہے۔ ایئر انڈیا نے انہیں معطل کرکے معاملے کی جانچ شروع کردی ہے“۔